واٹس ایپ کا صارفین کیلئے پرائیویسی فیچر متعارف کرانے کی تیاری

واٹس ایپ کا صارفین کی پرائیویسی مزید مضبوط بنانے کیلئے نئے فیچر کی تیاری

فون نمبر چھپانے اور اپنی مرضی سے اس تک رسائی دینے کا اختیار ملنے کا امکان، چار مختلف پرائیویسی آپشنز متعارف کرائے جائیں گے

نیویارک: دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی نجی معلومات اور فون نمبرز کی رازداری کو مزید محفوظ بنانے کے لیے ایک نئے پرائیویسی فیچر کی تیاری شروع کر دی ہے، جس کے ذریعے صارفین خود فیصلہ کر سکیں گے کہ واٹس ایپ پر کون ان کا فون نمبر دیکھ سکتا ہے۔ نئے فیچر کی مدد سے صارفین کو اپنی ذاتی معلومات پر پہلے سے زیادہ کنٹرول حاصل ہوگا اور وہ غیر متعلقہ افراد سے اپنا نمبر چھپا سکیں گے۔

ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ نے جون 2026 میں یوزر نیم (Username) فیچر متعارف کرایا تھا، جس کا بنیادی مقصد صارفین کو اپنا فون نمبر ظاہر کیے بغیر دوسرے افراد سے رابطے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس فیچر کے ذریعے صارفین اپنے لیے ایک منفرد یوزر نیم منتخب کر سکیں گے، جس کی مدد سے دوسرے افراد انہیں تلاش کرکے پیغامات بھیج سکیں گے، تاہم یہ سہولت ابھی تک تمام صارفین کے لیے مکمل طور پر دستیاب نہیں ہوئی۔

رپورٹس کے مطابق واٹس ایپ اب یوزر نیم فیچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے ایپلی کیشن کے نئے بیٹا ورژن میں فون نمبر کی رازداری سے متعلق ایک نئے فیچر کے آثار سامنے آئے ہیں، جس کے تحت صارفین کو یہ اختیار دیا جائے گا کہ وہ اپنی مرضی سے طے کریں کہ کون ان کا فون نمبر دیکھ سکتا ہے۔

مجوزہ فیچر میں صارفین کو چار مختلف پرائیویسی آپشنز فراہم کیے جائیں گے، جن میں ایوری ون (Everyone)، مائی کانٹیکٹس (My Contacts)، مائی کانٹیکٹس ایکسیپٹ (My Contacts Except) اور نو باڈی (Nobody) شامل ہیں۔ ان اختیارات کے ذریعے صارفین اپنا فون نمبر تمام افراد، صرف محفوظ شدہ کانٹیکٹس یا مخصوص افراد تک محدود رکھ سکیں گے، جبکہ چاہیں تو اسے دوسروں سے مکمل طور پر پوشیدہ بھی رکھ سکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے واٹس ایپ پر یوزر نیم کا استعمال ضروری ہوگا۔ یوزر نیم کے ذریعے رابطہ کرنے والے افراد صارف کا فون نمبر نہیں دیکھ سکیں گے، تاہم جن لوگوں کے پاس پہلے سے صارف کا فون نمبر محفوظ ہے، انہیں چیٹس اور کالز کے دوران نمبر نظر آتا رہے گا۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت خاص طور پر ان صارفین کے لیے اہم ثابت ہو سکتی ہے جو کاروباری، پیشہ ورانہ یا عوامی رابطوں کے لیے واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں اور اپنا ذاتی نمبر ہر کسی کے ساتھ شیئر نہیں کرنا چاہتے۔

واضح رہے کہ واٹس ایپ کا نیا پرائیویسی فیچر ابھی تیاری کے مراحل میں ہے اور تاحال بیٹا صارفین کے لیے بھی جاری نہیں کیا گیا۔ کمپنی نے اسے عام صارفین کے لیے متعارف کرانے کی حتمی تاریخ کا اعلان بھی نہیں کیا۔

More News