پنجاب کے سرکاری محکموں میں مالی بے ضابطگیاں، 11 ارب 88 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری
لاہور: پنجاب کے سرکاری محکموں میں مالی بے ضابطگیوں اور سرکاری فنڈز کے غیر مناسب استعمال کے خلاف کارروائیوں کے نتیجے میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹیوں نے 11 ارب 88 کروڑ 70 لاکھ روپے سے زائد کی رقم واپس حاصل کرلی ہے۔ ریکوری سے متعلق تفصیلات سرکاری دستاویزات میں سامنے آگئی ہیں۔
دستاویزات کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون، ٹو اور تھری کی تشکیل سے ستمبر 2026 تک کی کارکردگی رپورٹ میں مجموعی طور پر اربوں روپے کی وصولیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ تینوں کمیٹیوں میں سب سے زیادہ ریکوری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو نے کی، جس نے 7 ارب 36 کروڑ روپے سے زائد رقم سرکاری خزانے میں واپس جمع کرائی۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو کے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن اسمبلی علی حیدر گیلانی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی تھری نے 2 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد کی ریکوری کی، جس کے چیئرمین رکن اسمبلی احمد اقبال ہیں، جبکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ون نے ایک ارب 82 کروڑ 11 لاکھ 44 ہزار روپے واپس حاصل کیے۔ اس کمیٹی کے چیئرمین افتخار چھچر ہیں۔
دستاویزات کے مطابق تینوں کمیٹیوں نے سرکاری محکموں کے مالی معاملات، آڈٹ اعتراضات، سرکاری فنڈز کے استعمال اور مالی بے ضابطگیوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ ریکوریاں کیں۔
رپورٹ میں ستمبر 2026 تک کی کارکردگی کو شامل کیا گیا ہے، جو پنجاب میں سرکاری مالی معاملات کی جانچ پڑتال اور احتساب کے عمل سے متعلق اہم اعدادوشمار سامنے لاتی ہے۔







