سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہوگئی، شرجیل میمن

سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہوگئی، شرجیل میمن

کراچی: سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ بھر میں سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ سے زائد گھروں کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے، جبکہ متاثرہ خاندانوں کو مستقل اور محفوظ رہائش فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔

اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ایفیکٹیز (ایس پی ایچ ایف) منصوبے کے تحت صوبے کے 24 اضلاع میں 10 لاکھ سے زائد مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔ 2022 کے سیلاب سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کی بحالی سندھ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خیرپور میں سب سے زیادہ ایک لاکھ 67 ہزار 379 مکانات کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔ سیلاب متاثرہ خواتین کو نئے تعمیر ہونے والے گھروں کے مالکانہ حقوق بھی دیے جا رہے ہیں، جس کا مقصد خواتین کو معاشی تحفظ اور خودمختاری فراہم کرنا ہے۔

شرجیل میمن کے مطابق ہاؤسنگ منصوبے سے مقامی مزدوروں، مستریوں اور ہنرمند افراد کو روزگار کے مواقع بھی ملے ہیں، جبکہ دیہی علاقوں کی معیشت کو تقویت حاصل ہوئی ہے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ کسی بھی مستحق سیلاب متاثرہ خاندان کو گھر سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔ مستحق افراد کی نشاندہی اور تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کے لیے جدید نظام کے تحت نگرانی جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی تک سندھ حکومت کی کوششیں جاری رہیں گی۔

More News