کسی بھی وزیر کے خلاف کرپشن کی شکایت آئی تو نہیں بخشوں گی، مریم نواز
جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنی کابینہ کے وزرا کو کرپشن کے معاملے پر سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی وزیر کے خلاف بدعنوانی کی شکایت سامنے آئی تو قسم کھاتی ہوں کہ اسے نہیں بخشوں گی۔
جہلم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کرپشن کے خلاف بیانیہ بنانے والوں کو وہ اچھی طرح جانتی ہیں، ایسے لوگ اپنی اگلی سیاسی ارینجمنٹ کر رہے ہیں، اگر انہیں اعتراض ہے تو استعفیٰ کیوں نہیں دیتے؟
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بعض لوگوں کی تربیت ہی ایسے ماحول میں ہوئی ہے جہاں یہ پوچھا جاتا تھا کہ کتنی رشوت لینی ہے، لیکن اب ایسے لوگ ملک سے باہر بیٹھے ہیں۔
مریم نواز نے خیبرپختونخوا میں گزشتہ کئی سال کے دوران کرپشن کے حوالے سے بھی تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ کیا سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کرپشن نہیں ہوئی؟ ان کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو کرپشن پر اعتراض ہے، وہ خود وزارتوں کے عہدوں پر کیوں براجمان ہیں؟
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ ان کی حکومت میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی اور کسی بھی وزیر یا عہدیدار کے خلاف بدعنوانی کی شکایت سامنے آنے پر کارروائی کی جائے گی۔







