کراچی: دو ایکڑ سے زائد اراضی پر مبینہ قبضہ، سندھ حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس

کراچی: دو ایکڑ سے زائد اراضی پر مبینہ قبضہ، سندھ حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس

کراچی: اورنگی ٹاؤن میں دو ایکڑ سے زائد اراضی پر مبینہ قبضے اور غیر قانونی تجارتی لیز جاری کرنے کے معاملے پر عدالت نے سندھ حکومت، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی)، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 نومبر تک جواب طلب کرلیا۔

سٹی کورٹ میں سینئر سول جج غربی کی عدالت میں پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کی جانب سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ متنازع اراضی 1968 میں فلاحی مقاصد کے لیے 99 سالہ لیز پر الاٹ کی گئی تھی، جبکہ اس کی لیز دستاویز 1980 میں رجسٹرڈ ہوئی۔ بعد ازاں 2011 میں کے ایم سی نے دستاویز میں موجود غلطی کی تصحیح کرتے ہوئے لیز کی مدت 99 سال برقرار رکھی۔

درخواست گزار کے مطابق مذکورہ اراضی پر کئی دہائیوں سے ڈسپنسری، ویکسینیشن سینٹر، جنرل وارڈ اور ہنگامی امدادی سامان کا گودام قائم ہے، جہاں غریب اور مستحق افراد کو طبی و فلاحی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔

درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اراضی پر مبینہ قبضہ کرکے 94 سے 100 دکانیں تعمیر کی گئیں، جبکہ متعلقہ محکمے کی مبینہ پشت پناہی سے پلاٹ کے مختلف حصوں کی تجارتی لیز بھی جاری کردی گئیں۔

پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی نے عدالت سے متنازع تجارتی لیزیں منسوخ کرنے، اپنی 99 سالہ لیز کو قانونی قرار دینے اور اراضی کی حیثیت تبدیل کرنے یا تیسرے فریق کے حقوق پیدا کرنے سے روکنے کی استدعا کی ہے۔

عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23 نومبر تک جواب طلب کرلیا ہے، جبکہ درخواست گزار کی جانب سے مقدمے کے حتمی فیصلے تک عبوری حکم امتناع جاری کرنے کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے۔

More News