لاہور میں 30 سالہ نوجوان کے اغوا کا ڈراپ سین، خود ہی واردات کا ماسٹر مائنڈ نکلا

لاہور میں مبینہ اغوا کا ڈراپ سین، 30 سالہ نوجوان ہی اپنے اغوا کا ماسٹر مائنڈ نکلا

لاہور: صوبائی دارالحکومت کے علاقے کاہنہ میں 30 سالہ نوجوان کے مبینہ اغوا کا معمہ حل ہوگیا، پولیس کے مطابق اغوا کی واردات کا مرکزی کردار خود مغوی نوجوان نکلا، جس نے اہل خانہ سے تاوان کی مد میں رقم وصول کرنے کے لیے اپنے اغوا کا ڈرامہ رچایا تھا۔

پولیس حکام کے مطابق ملزم نے اپنے گھر والوں کو فون کرکے اغوا کیے جانے کی اطلاع دی اور رہائی کے بدلے رقم کا مطالبہ کرتا رہا۔ اہل خانہ کو یقین دلانے اور انہیں خوفزدہ کرنے کے لیے ملزم نے اپنے زخمی ہونے کی جعلی تصاویر بھی تیار کرکے انہیں ارسال کیں، تاکہ گھر والے اس کی جان کو خطرہ سمجھتے ہوئے فوری طور پر رقم کا بندوبست کریں۔

واقعے کا نوٹس ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے لیا تھا، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری اور واقعے کی حقیقت معلوم کرنے کے لیے پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔

انچارج انویسٹی گیشن تھانہ کاہنہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر اس منصوبے کے مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے اغوا کی جھوٹی کہانی بنا کر اہل خانہ سے بذریعہ فون تاوان کی رقم منگوانے کی کوشش کی تھی۔

ایس پی انویسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن علی اختر کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں، جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس سے مدد لی گئی۔ تفتیش کے دوران سامنے آنے والی معلومات کی بنیاد پر پولیس نے معاملے کی کڑیاں ملائیں، جس کے بعد مبینہ اغوا کے ڈرامے کا انکشاف ہوا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ اس منصوبے کے پیچھے اصل محرکات کیا تھے اور آیا اس معاملے میں کوئی دوسرا شخص بھی ملوث تھا یا نہیں۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے کہا کہ ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر مضبوط چالان تیار کرکے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ اسے قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کے لیے تعریفی اسناد دینے کا بھی اعلان کیا۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید قانونی کارروائی مکمل کی جا رہی ہے

More News