مصنوعی ذہانت سے ذاتی معلومات کی بنیاد پر جعلی پیغامات تیار کرنے کا انکشاف، سوشل میڈیا صارفین کو خبردار کردیا گیا
امریکا: مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے سوشل میڈیا پر دستیاب ذاتی معلومات استعمال کرتے ہوئے انتہائی قابلِ یقین جعلی پیغامات تیار کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس سے آن لائن فراڈ اور سائبر حملوں کے خطرات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
یونیورسٹی آف ٹیکساس، آرلنگٹن اور لوزیانا اسٹیٹ یونیورسٹی کے محققین نے اس نئی تکنیک کو ’’کانٹیکسچوئل فشنگ‘‘ کا نام دیا ہے۔ تحقیق کے مطابق اے آئی ماڈلز صارفین کی دلچسپیوں، روزمرہ سرگرمیوں، سفری تجربات، تصاویر اور سماجی تعلقات کا تجزیہ کرکے ان کی شخصیت اور معمولات سے مطابقت رکھنے والے جعلی پیغامات تیار کر سکتے ہیں۔
محققین کے مطابق کسی صارف کو ایسے ہوٹل کی جانب سے خصوصی پیشکش یا کنسرٹ سے متعلق اطلاع بھیجی جا سکتی ہے جس میں وہ پہلے دلچسپی ظاہر کر چکا ہو، جس سے پیغام حقیقی محسوس ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔
تحقیق کے دوران انسٹاگرام کے 200 صارفین کے عوامی اکاؤنٹس کا جائزہ لیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ کسی صارف کی تقریباً 10 سوشل میڈیا پوسٹس بھی ذاتی نوعیت کے فشنگ پیغامات تیار کرنے کے لیے کافی معلومات فراہم کر سکتی ہیں۔
محققین نے مصنوعی ذہانت کے مختلف ماڈلز کی مدد سے تقریباً 18 ہزار پیغامات تیار کیے اور انہیں ذاتی معلومات سے مطابقت، قابلِ یقین ہونے اور جذباتی اثرات سمیت آٹھ پیمانوں پر جانچا۔ نتائج کے مطابق ایسے پیغامات روایتی فشنگ حملوں کے مقابلے میں زیادہ حقیقی اور کم مشکوک محسوس ہو سکتے ہیں۔
تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر معمول کے مطابق شیئر کی جانے والی تصاویر، سرگرمیاں اور دیگر معلومات بھی سائبر جرائم پیشہ عناصر کے لیے استعمال کا ذریعہ بن سکتی ہیں، لہٰذا صارفین کو اپنی آن لائن پرائیویسی اور ذاتی معلومات کے تحفظ پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔







