اسلام آباد میں خواتین کے لیے 30 پنک الیکٹرک بسیں چلانے کا فیصلہ
اسلام آباد میں خواتین کو محفوظ اور آسان سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پنک الیکٹرک بس سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت خواتین کے لیے مخصوص بسیں شہر کے مختلف علاقوں میں چلائی جائیں گی۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق پنک الیکٹرک بس سروس صرف ورکنگ ویمن، طالبات اور بزرگ خواتین کے لیے مختص ہوگی، تاکہ انہیں روزمرہ سفر کے دوران درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں اسلام آباد کے 10 مختلف روٹس پر 30 پنک الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔ اس اقدام سے خواتین کو پبلک ٹرانسپورٹ میں علیحدہ سفری سہولت میسر آئے گی اور ان کی آمدورفت مزید آسان بنانے میں مدد ملے گی۔
سی ڈی اے کے مطابق اس وقت اسلام آباد میں چلنے والی الیکٹرک بسوں میں روزانہ تقریباً ایک لاکھ 25 ہزار مسافر سفر کرتے ہیں۔ خواتین کے لیے مخصوص بس سروس اسی پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو مزید وسعت دینے کی کوشش کا حصہ ہے۔








