پن بجلی شیئر میں کمی، بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگا واٹ سے متجاوز

پن بجلی کی پیداوار میں کمی، ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا

اسلام آباد: پن بجلی کی پیداوار میں کمی اور ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث ملک میں بجلی کا شارٹ فال 4 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق بجلی کی طلب اور رسد میں فرق بڑھنے سے پاور سیکٹر کو مشکلات کا سامنا ہے۔ دن کے اوقات میں بجلی کی طلب تقریباً 10 ہزار سے 12 ہزار میگاواٹ کے درمیان رہتی ہے، جبکہ رات کے وقت یہ بڑھ کر تقریباً 16 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جاتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دن کے وقت سولر بجلی کی دستیابی کے باعث قومی نظام پر دباؤ نسبتاً کم رہتا ہے، تاہم شام اور رات کے اوقات میں بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث شارٹ فال بڑھ جاتا ہے۔ پیک آورز کے دوران بجلی کی کمی 4 ہزار میگاواٹ تک پہنچنے کے باعث طلب اور رسد میں فرق پورا کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔

بجلی کی پیداوار میں کمی کی ایک بڑی وجہ پن بجلی کی دستیابی میں کمی بتائی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق دریاؤں میں پانی کے اخراج میں کمی کے باعث پن بجلی کا حصہ تقریباً 7 ہزار میگاواٹ سے کم ہو کر 4 ہزار میگاواٹ رہ گیا ہے، جس سے مجموعی بجلی کی پیداوار متاثر ہوئی ہے۔

دوسری جانب ایل این جی کی عدم دستیابی کے باعث گیس سے چلنے والے پاور پلانٹس بھی پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا نہیں کر پا رہے۔ ذرائع کے مطابق تقریباً 6 ہزار میگاواٹ صلاحیت کے ایل این جی پاور پلانٹس اس وقت بند ہیں، جبکہ بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث مقامی گیس کی پاور پلانٹس کو فراہمی میں بھی مشکلات پیش آ رہی ہیں۔

ذرائع نے امید ظاہر کی ہے کہ رواں ہفتے قطر سے مزید ایل این جی کارگوز پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔ ایل این جی کی سپلائی میں اضافے کے بعد گیس سے چلنے والے بجلی گھروں کو ایندھن کی فراہمی بہتر ہونے اور بجلی کی پیداوار میں اضافہ متوقع ہے۔

حکام اور متعلقہ ذرائع کے مطابق ایندھن کی دستیابی بہتر ہونے سے بجلی کی طلب اور رسد کے درمیان فرق کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاہم فی الحال پیک آورز میں بجلی کی کمی کے باعث صارفین کو لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

More News