ملک میں ایل پی جی سستی ہونے کا امکان، 70 ہزار میٹرک ٹن درآمد کرنے کے لیے ٹینڈرز جاری

ملک میں ایل پی جی سستی ہونے کا امکان، 70 ہزار میٹرک ٹن درآمد کرنے کے لیے ٹینڈرز جاری

اسلام آباد: سردیوں میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر بنانے اور قیمتوں میں کمی لانے کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سوئی سدرن گیس کمپنی کی ذیلی کمپنی نے عالمی مارکیٹ سے 70 ہزار میٹرک ٹن ایل پی جی درآمد کرنے کے لیے ٹینڈرز جاری کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سوئی سدرن کی ذیلی کمپنی ایس ایل ایل انٹرنیشنل اسپاٹ مارکیٹ سے ایل پی جی خریدے گی، جس کے لیے 20 ہزار اور 50 ہزار میٹرک ٹن کے دو الگ الگ ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں۔ پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور پاکستان عرب ریفائنری لمیٹڈ (پارکو) بھی عالمی مارکیٹ سے ایل پی جی خریدنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

کمپنی ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدی ایل پی جی سے لدے جہاز تقریباً 15 روز میں پاکستان پہنچ جائیں گے، جبکہ موجودہ عالمی قیمتوں کے مطابق درآمدی گیس پاکستان پہنچ کر تقریباً 450 روپے فی کلو پڑے گی۔ معمولی منافع شامل کرنے کے بعد اسے صارفین کو تقریباً 460 روپے فی کلو میں فراہم کیا جا سکے گا۔

ذرائع کے مطابق پی ایس او، سوئی سدرن گیس کمپنی اور پارکو کو درآمدی ایل پی جی کے نرخ مقرر کرنے کا اختیار بھی دے دیا گیا ہے۔ کمپنی حکام کے مطابق اس اقدام کا بنیادی مقصد کاروباری منافع کے بجائے مقامی مارکیٹ میں گیس کی دستیابی اور رسد کو بہتر بنانا ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت ملک بھر میں ایل پی جی 530 سے 630 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔ درآمدی گیس کی آمد سے مارکیٹ میں سپلائی بڑھنے اور قیمتوں میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے، جس سے سردیوں میں ایل پی جی استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف مل سکتا ہے۔

More News