ناسا کی چاند پر رہنے اور کام کرنے کے لیے خلابازوں کی بھرتی شروع، سالانہ تنخواہ کتنی ہوگی؟
واشنگٹن: امریکی خلائی ادارے ناسا نے چاند پر رہنے، کام کرنے اور مستقبل کے خلائی مشنز میں حصہ لینے کے خواہش مند افراد کے لیے خلابازوں کی نئی بھرتیوں کا اعلان کردیا ہے۔ منتخب امیدواروں کو مستقبل میں چاند پر قائم کیے جانے والے خلائی اڈے میں رہنے اور سائنسی تحقیق کا موقع مل سکتا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ناسا کے سربراہ جیرڈ آئزک مین کا کہنا ہے کہ نئے خلابازوں کو خلائی جہازوں کی آزمائش، جدید خلائی ٹیکنالوجی اور چاند کے جنوبی قطب کے قریب اہم مشنز کے لیے تیار کیا جائے گا۔
ناسا کے مطابق اس بھرتی کے لیے درخواست گزار کا امریکی شہری ہونا لازمی ہے، جبکہ امیدواروں کے پاس متعلقہ شعبے میں اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ تجربہ بھی ہونا چاہیے۔ ابتدائی انتخاب کے بعد کامیاب امیدواروں کو دو سال کی خصوصی تربیت دی جائے گی، جس میں خلائی سفر، سائنسی تحقیق اور مختلف ہنگامی حالات سے نمٹنے کی مہارتیں سکھائی جائیں گی۔
تنخواہ کتنی ہوگی؟
ناسا کی جانب سے اعلان کردہ ملازمت کے لیے ابتدائی سالانہ تنخواہ ایک لاکھ 64 ہزار 395 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 4 کروڑ 60 لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 3 دسمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ناسا کا 2028 میں انسانوں کو دوبارہ چاند کی سطح پر اتارنے کا منصوبہ ہے۔ نئی بھرتیوں کو مستقبل کے چاند مشنز اور طویل المدتی خلائی تحقیق کی تیاری کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔








