ڈیرہ اسماعیل خان: تھانہ بند کورائی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی

ڈیرہ اسماعیل خان: تھانہ بند کورائی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، پولیس کی مؤثر جوابی کارروائی

ڈیرہ اسماعیل خان میں رات گئے دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں اور بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے تھانہ بند کورائی پر حملہ کیا، تاہم پولیس اہلکاروں کی بروقت اور مؤثر جوابی کارروائی کے باعث دہشت گرد اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہ ہو سکے۔ پولیس کی مستعدی اور پیشگی حفاظتی انتظامات نے تھانے کو بڑی تباہی سے محفوظ رکھا۔

پولیس ترجمان کے مطابق دہشت گردوں نے بارود سے بھری پک اپ گاڑی تھانے کے مرکزی گیٹ سے ٹکرا دی، جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکے کی شدت سے تھانے کی دیوار اور وہاں قائم مسجد کو نقصان پہنچا، جبکہ حملہ آوروں نے بھاری ہتھیاروں سے بھی فائرنگ کی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ حملے کے دوران تھانے میں موجود پولیس جوانوں نے فوری طور پر مورچے سنبھالے اور منظم انداز میں جوابی کارروائی کی۔ پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت ردعمل کے باعث دہشت گرد تھانے کے اندر داخل ہونے میں ناکام رہے اور انہیں پسپا ہونا پڑا۔

پولیس ترجمان کے مطابق شدید دھماکے اور بھاری ہتھیاروں سے حملے کے باوجود اہلکار اپنی پوزیشنوں پر ڈٹے رہے۔ پیشگی حفاظتی انتظامات اور جوانوں کی مستعدی نے دہشت گردوں کے منصوبے کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ حملے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور تھانے میں تعینات تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان موقع پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سکیورٹی انتظامات اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ڈی پی او نے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں سے بھی صورتحال کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔

پولیس ترجمان نے مزید بتایا کہ حملے کے وقت دھماکے اور فائرنگ کی آواز سن کر مقامی شہری بھی پولیس کی حمایت میں تھانے کے قریب پہنچ گئے۔ اہل علاقہ کی جانب سے پولیس کے ساتھ اظہار یکجہتی کو دہشت گردی کے خلاف پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد اور تعاون کی علامت قرار دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ بند کورائی پر حملہ کرکے خوف و ہراس پھیلانے اور پولیس تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم اہلکاروں کی ثابت قدمی اور مؤثر کارروائی نے دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ واقعے نے ایک بار پھر دہشت گردی کے خلاف پولیس کی تیاری، قربانی کے جذبے اور مقامی آبادی کے تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔

More News