موسمیاتی تبدیلی سے بچاؤ؛ سندھ میں مینگرووز کے جنگلات بحال کرنے کا فیصلہ

موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے سندھ میں مینگرووز کے جنگلات بحال کرنے کا فیصلہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کے لیے صوبے میں مینگرووز کے جنگلات کی بحالی، آبی وسائل کے تحفظ اور ماحول دوست ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیلاب، خشک سالی، پانی کی قلت اور ساحلی کٹاؤ جیسے خطرات سے نمٹنے کے لیے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مضبوط اور پائیدار بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنا ہوگا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، متعلقہ صوبائی محکموں کے سیکریٹریز، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی، محکمہ ماحولیات، محکمہ توانائی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے جاری منصوبوں، مستقبل کی ترجیحات اور صوبے کو درپیش ماحولیاتی خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سندھ کے لیے محض ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ صوبے کی ترقی، عوام کے روزگار اور بنیادی سہولیات سے جڑا اہم معاملہ ہے۔ عوام کی جان و مال، ذرائع معاش اور آبی وسائل کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے۔

اجلاس میں ڈیلٹا بلیو کاربن منصوبے کے تحت ایک لاکھ 26 ہزار ہیکٹر رقبے پر مینگرووز کے جنگلات کی بحالی کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے انڈس ڈیلٹا کے تحفظ اور ساحلی کٹاؤ روکنے کے لیے قدرتی حفاظتی نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مینگرووز کے جنگلات ساحلی علاقوں کو قدرتی تحفظ فراہم کرنے اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ کوسٹل ریزیلینس منصوبے کے تحت ٹھٹھہ، سجاول اور بدین کے پانچ لاکھ سے زائد افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ساحلی آبادیوں کے تحفظ کے ساتھ ان کے روزگار اور ذرائع معاش کو محفوظ بنانے کے اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سندھ کے 23 اضلاع میں 552 میل طویل نہروں کی بحالی مکمل کی جا چکی ہے، جس سے 884 کیوسک پانی کی بچت ہوئی۔ صوبے میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 50 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش رکھنے والے 207 چھوٹے ڈیم بھی تعمیر کیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے آبپاشی نظام کی بہتری، بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے اور نکاسی آب کے منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

توانائی کے شعبے میں ہوا سے 2 ہزار 360 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا، جبکہ کم آمدنی والے اور آف گرڈ 2 لاکھ 75 ہزار گھرانوں کے لیے شمسی توانائی کے منصوبے بھی زیر غور ہیں۔ وزیراعلیٰ نے قابل تجدید توانائی، نجی سرمایہ کاری اور شمسی توانائی سے چلنے والے آبپاشی نظام کو فروغ دینے پر زور دیا۔

اجلاس میں 54 کروڑ ڈالر کے اسٹار واش پروگرام پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کے تحت سیلاب سے متاثرہ دیہات میں صاف پانی اور صفائی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 12 سے 15 لاکھ افراد کو سہولیات دینے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

مراد علی شاہ نے بین الاقوامی ترقیاتی اداروں اور نجی سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی حکمت عملی میں مقامی آبادی کو مرکزی اہمیت دی جائے گی اور تمام منصوبوں کا مقصد عوام کی زندگیوں میں دیرپا بہتری لانا ہونا چاہیے۔

More News