تربیلا ڈیم کے ان ٹیک میں خرابی، حفاظتی اقدامات کے تحت ٹنل نمبر 5 میں آمد و رفت بند
تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کے ان ٹیک میں خرابی سامنے آنے کے بعد حکام نے حفاظتی اقدامات کے تحت ٹنل نمبر 5 میں آمد و رفت بند کر دی ہے۔ متاثرہ مقام پر پانی کے اخراج کو روکنے اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔
واپڈا ذرائع کے مطابق تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کے ان ٹیک میں خرابی کے باعث پانی کا اخراج روکنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے متاثرہ ان ٹیک کے سوراخ کو بند کرنے کا کام جاری ہے، جبکہ ہیوی واٹر پمپس کے ذریعے پاور ہاؤس سے پانی نکالا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پانی کے اخراج کو مکمل طور پر روکنے کے لیے ٹنل نمبر 5 کے سامنے ہیوی گیٹ نصب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچنے کے لیے ٹنل میں آمد و رفت معطل کر دی گئی ہے۔
واپڈا ذرائع کے مطابق تربیلا ڈیم میں صورتحال کو کنٹرول کرنے اور منصوبے کے متاثرہ حصے کو محفوظ بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔








