امریکی حکام نے پیوٹن سے ایران امریکا مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی، باقر قالیباف

امریکی حکام نے پیوٹن سے ایران امریکا مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی، باقر قالیباف

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی حکام نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات میں ثالثی کی درخواست کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران نے جنگ کے خاتمے کے لیے قطر کے ذریعے امریکا کو سات نکاتی امن منصوبہ پیش کیا ہے اور اب واشنگٹن کے جواب کا انتظار ہے۔

قطری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے باقر قالیباف نے کہا کہ مجوزہ امن منصوبے میں امریکی بحری ناکا بندی اور اقتصادی پابندیوں کا خاتمہ، ایران کے منجمد اثاثوں کی واپسی، تمام محاذوں پر جنگ بندی اور تنازع کے باضابطہ خاتمے کے نکات شامل ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر امریکا مجوزہ شرائط کی پابندی کرے اور ایسے مطالبات سے گریز کرے جن سے دونوں ممالک کے درمیان بداعتمادی میں اضافہ ہو تو معاہدہ ممکن ہے، تاہم ایران کو اب بھی امریکی حکومت پر اعتماد نہیں ہے۔

آبنائے ہرمز کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ایرانی اسپیکر نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے بعد یہ اہم بحری گزرگاہ دوبارہ پہلے جیسی صورتحال میں نہیں آئے گی۔ ان کے مطابق ایران اور عمان آبنائے ہرمز کی نگرانی کے حوالے سے نئی مفاہمت پر پہنچ چکے ہیں۔

باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ امریکا نے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی کی تو اسے ایک اور شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

یمن کی صورتحال پر ان کا کہنا تھا کہ کسی بیرونی فریق کو یمن کے تنازع میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ اگر سعودی عرب اور یمن کی حکومت ایران سے مدد طلب کریں تو تہران تنازع کے حل کے لیے تعاون کرنے کو تیار ہے۔

More News