اینویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ کو 2 مبینہ افیئرز کے باعث عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان، رپورٹ
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اینویڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جینسن ہوانگ مبینہ طور پر دو خواتین کے ساتھ تعلقات کی خبروں کے بعد اپنے عہدے سے محروم ہو سکتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی کا بورڈ آف ڈائریکٹرز اس معاملے پر غور کر رہا ہے، جبکہ ان الزامات نے دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں سے ایک کے مستقبل سے متعلق سوالات اٹھا دیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جینسن ہوانگ کے پہلے مبینہ تعلق کا معاملہ ایلیس ہوانگ نامی چینی کاروباری خاتون سے جوڑا گیا ہے، جس پر چین کے لیے مبینہ جاسوسی کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔ دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس خاتون نے اپنے شوہر اور بہن کے ساتھ مل کر چین اور سنگاپور میں کمپنیوں کا نیٹ ورک قائم کیا، جس کے ذریعے چینی کمپنیوں کو تقریباً 7.5 ارب ڈالر مالیت کی اینویڈیا چپس تک رسائی حاصل ہوئی۔
اس معاملے کی تحقیقات جاری تھیں کہ اینویڈیا کے ہیلتھ کیئر شعبے کی نائب صدر کمبرلی پاؤل کے ساتھ جینسن ہوانگ کے مبینہ تعلقات کی خبر بھی سامنے آگئی۔ کمبرلی پاؤل براہ راست جینسن ہوانگ کو رپورٹ کرتی تھیں، جبکہ کمپنی کے ضابطہ اخلاق کے تحت ماتحت ملازم کے ساتھ تعلقات رکھنا سنگین خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان الزامات کے بعد کمپنی کے بورڈ کے ممکنہ فیصلے پر توجہ مرکوز ہے، تاہم جینسن ہوانگ کی برطرفی یا بورڈ کے کسی حتمی فیصلے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
دوسری جانب ان خبروں کے بعد کمپنی کی مارکیٹ ویلیو میں بڑی کمی اور شیئر ہولڈرز کی جانب سے قانونی کارروائی کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔








