بلوچستان میں مرمتی کام کے باعث ٹرین سروس ایک روز کے لیے معطل، جعفر ایکسپریس بھی منسوخ
بلوچستان میں ریلوے ٹریک کی ضروری مرمت کے باعث ٹرین آپریشن ایک روز کے لیے معطل کردیا گیا، جس کے نتیجے میں مسافروں کو سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق 13 نومبر کو کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس منسوخ کردی گئی ہے، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کا سفر محدود کرکے اسے جیکب آباد تک چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ریلوے ٹریک پر ضروری مرمتی کام مکمل کرنے کے لیے کیا گیا ہے تاکہ ٹرین آپریشن کو محفوظ اور مؤثر بنایا جاسکے۔
اس کے علاوہ سریاب اور کچلاک کے درمیان چلنے والی جناح پیپلز ٹرین سروس بھی ایک روز کے لیے معطل کردی گئی ہے۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق متاثرہ مسافروں کو ان کے ٹکٹوں کی رقم واپس کردی جائے گی۔ اچانک ٹرین سروس معطل ہونے کے باعث مسافروں کو اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے متبادل سفری انتظامات کرنا پڑ رہے ہیں۔








