پشاور: دہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزام میں گرفتار ملزم 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی کے حوالے
پشاور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردوں کی سہولت کاری کے الزام میں گرفتار ملزم یاسین کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں ملزم یاسین کے کیس کی سماعت ہوئی، جہاں تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کا تعلق ضلع خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل سے ہے اور وہ کالعدم تنظیم کی مبینہ سہولت کاری میں ملوث ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش درکار ہے تاکہ اس کے دیگر ساتھیوں اور مبینہ سہولت کاروں سے متعلق معلومات حاصل کی جا سکیں۔ استغاثہ کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم یاسین کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر سی ٹی ڈی خیبر کے حوالے کرنے کا حکم دے دیا۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔








