کراچی: 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ڈکیتی کا ڈراپ سین، اکاؤنٹنٹ ساتھی سمیت گرفتار
کراچی: شہر کے علاقے گزری میں 3 کروڑ 75 لاکھ روپے کی ڈکیتی کی واردات کا ڈراپ سین ہوگیا، پولیس نے ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے والے اکاؤنٹنٹ کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کرکے رقم برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق جمعرات کو حنیف نامی شخص نے ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی تھی کہ سلطان مسجد کے قریب بحریہ کے علاقے میں دو مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان اس سے 3 کروڑ 75 لاکھ روپے چھین کر فرار ہوگئے ہیں۔ اطلاع ملنے پر گزری پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران مدعی حنیف کے بیان میں متعدد تضادات سامنے آئے۔ حنیف ایک غیر ملکی خاتون کے ہاں اکاؤنٹنٹ کے طور پر کام کرتا تھا اور بینک سے رقم نکلوانے کے بعد فیز 7 ایکسٹینشن کی جانب ادائیگی کے لیے جا رہا تھا۔ خاتون نے بھی اکاؤنٹنٹ کے طرزِ عمل پر شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا۔
پولیس نے بینک ریکارڈ کی تصدیق کی تو معلوم ہوا کہ نکلوائی گئی اصل رقم 3 کروڑ 9 لاکھ 76 ہزار 600 روپے تھی۔ مسلسل پوچھ گچھ کے دوران اکاؤنٹنٹ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر رقم ہتھیانے کے لیے ڈکیتی کا ڈرامہ رچانے کا اعتراف کیا۔
ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے اس کے ایک ساتھی کو بھی گرفتار کرلیا اور اس کے گھر سے رقم برآمد کرلی۔ پولیس کے مطابق واقعے کے چند گھنٹوں کے اندر دونوں ملزمان کی گرفتاری اور رقم کی برآمدگی عمل میں لائی گئی۔
پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ گزری میں مقدمہ نمبر 538/2026 درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔








