پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خطاب، معدنی شعبے میں طویل مدتی سرمایہ کاری اور مقامی ترقی پر زور

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026، فیلڈ مارشل عاصم منیر کا خطاب، معدنی شعبے میں طویل مدتی سرمایہ کاری اور مقامی ترقی پر زور

اسلام آباد: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا قومی ترجیح ہے، جبکہ ملک کی معدنی دولت کو معاشی ترقی میں تبدیل کرنا اجتماعی قومی مقصد ہے۔

پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور مستقبل میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور ان سے وابستہ افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مقصد صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت مکمل ویلیو چین تیار کرنا ہے تاکہ ملک میں ویلیو ایڈڈ پیداوار اور صنعتی ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایسی طویل مدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے جو ملک اور عالمی سرمایہ کاروں کے لیے پائیدار معاشی فوائد کا باعث بنیں۔

انہوں نے معدنی ترقی میں مقامی آبادیوں کی شمولیت اور ان کے لیے عملی فوائد کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کی زندگیوں میں واضح بہتری آنی چاہیے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام محنتی، بہادر اور پرعزم ہیں اور ان میں خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ہمیں صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عملی اقدامات اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ ترقی کی جانب بڑھنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ ان مواقع کو نتائج میں تبدیل کرنے کی اصل طاقت عوام ہیں۔

More News