پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا اجتماعی قومی مقصد ہے، فیلڈ مارشل
اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ایک اجتماعی قومی مقصد ہے، جس کے حصول کے لیے تمام متعلقہ اداروں، سرمایہ کاروں اور صنعتوں کو مل کر کردار ادا کرنا ہوگا۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے طویل المدتی شراکت داری اور محفوظ ماحول کی فراہمی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانوں، کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور اس شعبے سے وابستہ تمام افراد کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کا مقصد صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ کان کنی سے لے کر ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ تک مکمل ویلیو چین قائم کرنا ہے تاکہ ملک میں صنعتی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ معدنی وسائل سے مالا مال علاقوں کے مقامی لوگوں کو بھی ترقی کے ثمرات ملنے چاہئیں اور ان کی زندگیوں میں واضح بہتری آنی چاہیے۔ پاکستان کے عوام کو محنتی، بہادر اور عزم و حوصلے سے بھرپور قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں جبکہ عوام ان مواقع کو حقیقت میں بدلنے کی اصل قوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان امکانات سے پیداوار، وعدوں سے عملی اقدامات اور خام برآمدات سے ویلیو ایڈڈ ترقی کی جانب پیش رفت کرے۔








