انڈس اسپتال قوتِ سماعت سے محروم افراد کے لیے امید کی کرن بن گیا، 450 کوکلیئر امپلانٹ سرجریز مفت مکمل
کراچی: انڈس اسپتال کراچی نے قوتِ سماعت سے محروم بچوں اور بڑوں کے علاج کے حوالے سے اہم کامیابی حاصل کرلی، کوکلیئر امپلانٹ پروگرام کے تحت اب تک 450 کامیاب سرجریز مکمل کرلی گئی ہیں، جن پر نجی شعبے میں علاج کے تخمینے کے مطابق 2 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد اخراجات آتے ہیں، تاہم اسپتال میں یہ سہولت مستحق مریضوں کو بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے۔
انڈس اسپتال میں اس پروگرام کا آغاز 2014 میں کیا گیا تھا، جس کے تحت ملک کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مریضوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 310 مریضوں کا تعلق سندھ، 56 کا خیبر پختونخوا، 51 کا پنجاب، 28 کا بلوچستان جبکہ 5 مریضوں کا تعلق آزاد کشمیر سے ہے۔
پروگرام کی منیجر انعم مدھانی کے مطابق ہر بچے کو براہِ راست سرجری کے لیے منتخب نہیں کیا جاتا بلکہ پہلے اس کی سماعت اور طبی حالت کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے۔ مقررہ طبی معیار پر پورا اترنے والے بچوں اور ایسے بالغ افراد کا علاج کیا جاتا ہے جو پہلے سننے اور بولنے کی صلاحیت رکھتے تھے لیکن بعد میں قوتِ سماعت سے محروم ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ کوکلیئر امپلانٹ کی قیمت تقریباً 12 ہزار امریکی ڈالر ہے جبکہ سرجری اور بحالی کے اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔ پروگرام کے تحت سرجری کے بعد مریضوں کو تین سال تک آڈیالوجی، اسپیچ تھراپی اور نفسیاتی معاونت بھی مفت فراہم کی جاتی ہے۔
اسپتال میں حال ہی میں دو سالہ بچے یونس کا بھی کوکلیئر امپلانٹ کیا گیا، جس نے پہلی مرتبہ بیرونی ڈیوائس فعال ہونے پر آواز محسوس کی۔ طبی ماہرین کے مطابق امپلانٹ کے بعد مریض کو آواز سمجھنے اور بولنے کی صلاحیت حاصل کرنے کے لیے مسلسل اسپیچ تھراپی اور بحالی کی ضرورت ہوتی ہے۔
ماہرین نے والدین پر زور دیا ہے کہ بچوں میں سماعت کی کمی کی بروقت تشخیص اور علاج یقینی بنایا جائے تاکہ وہ زبان سیکھنے، بولنے اور تعلیم حاصل کرنے کے بہتر مواقع حاصل کرسکیں۔








