برطانوی فوج کے میجر جنرل کا پاکستانی اور مسلمان فوجیوں کو خراجِ تحسین، دونوں عالمی جنگوں میں قربانیوں کا اعتراف
اسلام آباد: برطانوی فوج کے اعلیٰ افسر میجر جنرل کارل ہیرس نے پہلی اور دوسری عالمی جنگ میں برصغیر، بالخصوص موجودہ پاکستان کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے مسلمان فوجیوں کی خدمات اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ کے دفاع اور آزادی کے تحفظ میں جنوبی ایشیا کے فوجیوں نے تاریخی کردار ادا کیا۔
میجر جنرل کارل ہیرس نے یہ اظہارِ خیال آرمسٹائس ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے برطانوی پاکستانی کاروباری شخصیت ڈاکٹر طارق شیخ کے ساتھ آرمڈ فورسز کوویننٹ پر دستخط کیے۔ اس معاہدے کا مقصد برطانوی مسلح افواج کے موجودہ اور سابق اہلکاروں، سابق فوجیوں اور ان کے اہل خانہ کی معاونت کرنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل کارل ہیرس کا کہنا تھا کہ جنگوں کی یاد اور آرمسٹائس کی سالگرہ ہمیں ان قربانیوں کی یاد دلاتی ہے جن کے نتیجے میں برطانیہ کی آزادی اور سلامتی کا تحفظ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی فوج صرف وردی پہننے والے اہلکاروں کی نہیں بلکہ ملک کی تمام برادریوں کی مشترکہ فوج ہے۔
انہوں نے جنوبی ایشیائی برادریوں اور برطانوی فوج کے مشترکہ تاریخی ورثے کو اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے ننھیال کے دادا نے بھی دوسری عالمی جنگ کے دوران برما میں بھارتی فوج میں خدمات انجام دی تھیں۔ ان کے مطابق جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے فوجیوں نے مختلف محاذوں پر اپنی خدمات اور قربانیوں سے تاریخ رقم کی۔
اس موقع پر ڈاکٹر طارق شیخ نے بھی برصغیر کی فوجی تاریخ اور پاکستان کے تاریخی تعلق کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے شہر جہلم نے تقریباً ایک صدی تک برطانوی ہندوستانی فوج کو بڑی تعداد میں فوجی فراہم کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ 1947 میں پاکستان کی فوج بھی اسی فوجی روایت، نظم و ضبط اور ورثے سے تشکیل پائی۔
تاریخی اعدادوشمار کے مطابق پہلی عالمی جنگ میں متحدہ ہندوستان سے تقریباً 15 لاکھ جبکہ دوسری عالمی جنگ میں 25 لاکھ افراد نے فوج میں رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔ ان میں بڑی تعداد موجودہ پاکستان کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے فوجیوں کی تھی۔
ڈاکٹر طارق شیخ نے نوجوان برطانوی پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ مسلح افواج میں شمولیت اختیار کریں اور اس فوجی روایت کو آئندہ نسلوں تک منتقل کریں۔ معاہدے کے تحت سابق فوجیوں کو ملازمت کے مواقع اور ریزرو اہلکاروں کو تربیت کے لیے سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔








