ماسکو میں ’’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘‘ فلم ایوارڈز، روسی فلم ’’اگست‘‘ نے بڑا اعزاز جیت لیا
ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو میں دوسرے بین الاقوامی یوریشیائی فلم ایوارڈز ’’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘‘ کی شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں روسی فلم ’’اگست‘‘ نے بہترین فلم کا سب سے بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔
فلم کے پروڈیوسرز کو کامیابی کے اعتراف میں دس قیراط وزنی قیمتی ہیرا دیا گیا، جس کی مالیت تقریباً 10 لاکھ امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔ یہ ایوارڈ فلمی دنیا میں نمایاں تخلیقی کامیابیوں کے اعتراف کے لیے منعقد کیا گیا، جس میں 19 ممالک کی 41 فلموں نے مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیا۔
تقریب میں روس، پاکستان، بھارت، ایران، قازقستان، کرغزستان، سربیا، بیلاروس اور دیگر ممالک کے فلم سازوں، اداکاروں اور فنکاروں نے شرکت کی۔ ایوارڈز کے ذریعے مختلف ممالک کے سینما، ثقافت اور تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی کوشش کی گئی۔
تقریب میں کرغزستان کے فلم ساز کانیبیک کالماتوف کو فلم ’’آئیت ماتوف‘‘ پر بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ دیا گیا، جبکہ بہترین اداکار کا اعزاز قازقستان کے اداکار جاسولان کوپبرگن کو فلم ’’ری اسٹارٹ‘‘ میں اداکاری پر ملا۔
پاکستانی فلم ’’مائی لیاری‘‘ میں بہترین اداکاری پر دانانیر مبین نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ حاصل کیا۔ ان کی کامیابی کو تقریب میں پاکستان کے لیے ایک اہم اعزاز کے طور پر دیکھا گیا۔
ایرانی فلم ساز علی رضا موتامدی کو بہترین اسکرین پلے، بھارتی موسیقار ایم ایم کیراوانی کو بہترین موسیقی اور قازقستانی فلم ’’ایویکیوشن‘‘ کے سینماٹوگرافر الیگزینڈر پلاٹنکوف کو بہترین سنیماٹوگرافی کا ایوارڈ دیا گیا۔
کیوبا کی فلم ’’232 اسٹریٹ‘‘ نے یوریشیائی خطے سے باہر کے بہترین فلمی اعزاز کے لیے ایوارڈ حاصل کیا، جبکہ معروف روسی اداکارہ الیسا فرائنڈلخ کو عالمی سینما میں خدمات کے اعتراف میں خصوصی اعزاز سے نوازا گیا۔
’’ڈائمنڈ بٹر فلائی‘‘ ایوارڈز کی تقریب میں مختلف ممالک کے فنکاروں کی کامیابیوں کو سراہا گیا اور عالمی فلمی صنعت میں ثقافتی تعاون اور تبادلے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔








