جاپان کا پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام کے لیے 43 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان

جاپان کا پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام کے لیے 43 لاکھ ڈالر گرانٹ کا اعلان

اسلام آباد: حکومت جاپان نے پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام کے لیے 43 لاکھ امریکی ڈالر کی نئی گرانٹ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ مالی معاونت 2027 کے دوران ملک بھر میں چلائی جانے والی انسداد پولیو مہمات کے لیے ویکسین کی خریداری پر خرچ کی جائے گی۔

انسداد پولیو پروگرام کے مطابق جاپانی گرانٹ کے ذریعے 2 کروڑ 80 لاکھ سے زائد ویکسین کی خوراکیں خریدی جائیں گی، جس سے آئندہ سال بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کی قومی مہمات کو تقویت ملے گی۔

پاکستان میں پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کے لیے قومی سطح پر کوششیں جاری ہیں۔ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں پولیو کیسز کی تعداد 2024 میں 74 تھی، جو 2025 میں کم ہو کر 31 رہ گئی، جبکہ 2026 کے دوران اب تک 9 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے 4 کیسز جنوبی خیبر پختونخوا سے سامنے آئے ہیں۔

ملک بھر میں ہر انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا جاتا ہے، جبکہ ان مہمات میں 4 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز حصہ لیتے ہیں۔

وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے جاپانی حکومت کی معاونت کو پاکستان کی پولیو کے خاتمے کی کوششوں کے لیے اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی ہر خوراک ملک کو پولیو سے پاک بنانے کے ہدف کے قریب لے جانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

پاکستان میں جاپان کے سفیر اکاماتسو سوچی نے بھی پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان 1996 سے پاکستان کے انسداد پولیو پروگرام میں تعاون کر رہا ہے اور نئی گرانٹ گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

حکومت پاکستان نے شراکت دار اداروں کے تعاون سے 2026-27 کے قومی ہنگامی لائحہ عمل کے تحت 2027 کے اختتام تک ملک میں پولیو وائرس کی منتقلی روکنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ جاپان کی نئی مالی معاونت کو اس مقصد کے حصول کے لیے جاری بین الاقوامی تعاون کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔

More News