خیبرپختونخوا میں کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات، نیب نے متعدد نوٹسز جاری کردیے

خیبرپختونخوا میں کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات، نیب نے متعدد نوٹسز جاری کردیے

قومی احتساب بیورو (نیب) نے خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی قیادت سے متعلق بدعنوانی اور آمدن سے زائد اثاثوں کی دو الگ الگ انکوائریوں میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے متعدد افراد اور کمپنیوں کو نوٹسز جاری کردیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 13 نومبر کو جاری کیے گئے نوٹسز میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے متعلق انکوائری کے دوران 10 افراد کے نام پر رجسٹرڈ پارٹنرشپ فرمز، کاروباری شراکت داریوں، پارٹنرشپ ڈیڈز، کاروباری پتوں اور رجسٹریشن ریکارڈ کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ انکوائری میں اسد قیصر، ان کے اہل خانہ اور دیگر متعلقہ افراد کے کاروباری روابط کی جانچ پڑتال جاری ہے۔

دوسری جانب سابق معاون خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ڈاکٹر امجد علی کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں اور بدعنوانی کی انکوائری میں 9 افراد کو بطور گواہ نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ اسلام آباد کی ایٹین سوسائٹی میں واقع جائیداد نمبر CLG-003 کی خریداری کے سلسلے میں پانچ افراد کو 19 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نیب کے مطابق مذکورہ جائیداد کی خریداری کے لیے پانچ افراد نے مجموعی طور پر 2 کروڑ 44 لاکھ روپے ادا کیے، جن کے مالی ذرائع کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

اس کے علاوہ محمد طارق کو 17 نومبر کو بطور گواہ طلب کرتے ہوئے چار کمپنیوں کے مکمل بینک اکاؤنٹس اور اسٹیٹمنٹس بھی طلب کرلیے گئے ہیں۔

نیب کی جانب سے دونوں انکوائریوں میں کاروباری روابط، مالی لین دین، جائیدادوں کی خریداری اور اثاثوں کے ذرائع سے متعلق ریکارڈ کی چھان بین جاری ہے۔

More News