لاہور کا تاریخی اکبری دروازہ دو صدیوں بعد عوام کیلئے کھولنے کی تیاری، بحالی مکمل

لاہور کا تاریخی اکبری دروازہ دو صدیوں بعد عوام کیلئے کھولنے کی تیاری، بحالی مکمل

لاہور کے تاریخی شاہی قلعے کا تقریباً دو صدیوں سے بند اکبری دروازہ بحال کردیا گیا ہے اور اسے رواں سال دسمبر میں عام شہریوں اور سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔ اس اقدام کے بعد شہری قلعے میں داخلے کے لیے اس تاریخی راستے کو بھی استعمال کرسکیں گے۔

مغل بادشاہ اکبر کے دور میں تعمیر ہونے والا اکبری دروازہ برطانوی دور حکومت میں بند کردیا گیا تھا۔ قلعے کے مشرقی حصے میں واقع یہ دروازہ ماضی میں اندرون شہر کو شاہی قلعے سے منسلک کرنے کے لیے استعمال ہوتا تھا، جہاں سے عام شہری، تاجر اور شاہی وفود قلعے میں داخل ہوتے تھے۔

بحالی کا منصوبہ 2023 میں شروع کیا گیا تھا، جسے پنجاب والڈ سٹیز اینڈ ہیریٹیج ایریاز اتھارٹی، فرانسیسی ترقیاتی ایجنسی اور آغا خان کلچرل سروس پاکستان کے اشتراک سے مکمل کیا گیا ہے۔

منصوبے کے دوران عمارت سے سکھ اور برطانوی ادوار میں کی گئی پلستر کی تہیں ہٹانے پر قدیم فریسکو مصوری بھی دریافت ہوئی، جس میں تاریخی تصاویر اور ہندو دیوتاؤں کے نقوش شامل ہیں۔ ان نادر فن پاروں کو محفوظ بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

بحالی کے دوران لکڑی کے بھاری مرکزی دروازے کی مرمت، راستوں کی بہتری، وہیل چیئر ریمپ اور پارکنگ سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ عمارت میں ٹکٹ گھر، تاریخی تصاویر اور دستاویزات کی گیلری اور سی سی ٹی وی مانیٹرنگ روم بھی قائم کیے جائیں گے۔

شاہی قلعے کے انچارج اویس رضا کے مطابق اکبری دروازہ دسمبر میں عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، جس سے تاریخی ورثے کے تحفظ کے ساتھ لاہور میں سیاحت کے فروغ اور عوامی رسائی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

More News