جونیئر نیشنل ٹیبل ٹینس: آرمی کی کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک، ایونٹ اختتام پذیر

جونیئر نیشنل ٹیبل ٹینس،آرمی کی کامیابیوں کی ہیٹ ٹرک، ایونٹ اختتام پذیر

پشاور:جیند طورو

31ویں جونیئر نیشنل ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ قیوم اسپورٹس کمپلیکس پشاور میں اختتام پذیر ہوگئی، جس میں پاکستان آرمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد مقابلوں میں برتری حاصل کی۔

چیمپئن شپ میں پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور مختلف محکموں سمیت مجموعی طور پر 8 ٹیموں نے حصہ لیا۔ ایونٹ کے تمام مقابلے منظم اور بہترین انداز میں منعقد کیے گئے، جہاں کھلاڑیوں نے اعلیٰ معیار کی کارکردگی پیش کی۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی مشیر کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا تاج محمد خان ترند تھے جنہوں نے فاتح کھلاڑیوں میں میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس تاشفین حیدر، صوبائی ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے نائب صدر کفایت اللہ، سیکرٹری نواز احمد علیزئی، ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر نازیہ ذکی، چیف کوچ شفقت اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر کاشف فرحان اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔

ڈائریکٹریٹ آف اسپورٹس کے زیراہتمام منعقد ہونے والی اس چیمپئن شپ میں انڈر 19 بوائز ٹیم ایونٹ میں پاکستان آرمی نے گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ خیبرپختونخوا نے سلور اور پنجاب و سندھ نے مشترکہ طور پر کانسی کے تمغے حاصل کیے۔ انڈر 15 بوائز ٹیم ایونٹ میں بھی آرمی نے پہلی پوزیشن حاصل کی، پنجاب دوسرے نمبر پر رہا جبکہ اسلام آباد اور خیبرپختونخوا نے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

انڈر 19 گرلز ٹیم ایونٹ میں پاکستان آرمی نے ایک بار پھر برتری ثابت کی اور گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ سندھ نے سلور جبکہ خیبرپختونخوا اور پنجاب نے مشترکہ طور پر برانز میڈل حاصل کیا۔ انڈر 15 گرلز ٹیم ایونٹ میں بھی آرمی کی ٹیم فاتح رہی، سندھ نے دوسری اور پنجاب و خیبرپختونخوا نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

انفرادی مقابلوں میں بھی آرمی کے کھلاڑیوں نے نمایاں کارکردگی دکھائی۔ انڈر 19 بوائز سنگلز کا ٹائٹل آرمی کے عبدال محمد خان نے جیتا جبکہ خیبرپختونخوا کے عثمان خلیل رنر اپ رہے۔ انڈر 15 بوائز سنگلز میں بھی عبدال محمد خان نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ پنجاب کے ایان دانش دوسرے نمبر پر رہے۔

انڈر 19 گرلز سنگلز میں آرمی کی حور فواد نے گولڈ میڈل جیتا جبکہ حائقہ حسن نے سلور میڈل حاصل کیا۔ سندھ کی فاطمہ دانش اور آرمی کی ایمان حسن نے مشترکہ طور پر کانسی کے تمغے اپنے نام کیے۔ انڈر 15 گرلز سنگلز میں آرمی کی ایمان حسن نے کامیابی حاصل کی جبکہ واپڈا کی علینہ خان رنر اپ رہیں۔

ڈبلز مقابلوں میں انڈر 19 بوائز ڈبلز کا ٹائٹل بھی آرمی کے عباس اور عبدال محمد خان کی جوڑی نے جیتا جبکہ سندھ کی جوڑی عباس اور ارحم دوسرے نمبر پر رہی۔ انڈر 19 گرلز ڈبلز میں آرمی کی حلیمہ اور فاطمہ نے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ خیبرپختونخوا کی حریہ اور گلعلائی نے سلور میڈل جیتا۔

فائنلز میں انڈر 15 گرلز سنگلز کے مقابلے میں آرمی کی ایمان حسن نے علینہ خان کو 0-3 سے شکست دی جبکہ انڈر 15 بوائز سنگلز کے فائنل میں آرمی کے عبدال محمد خان نے پنجاب کے ایان دانش کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔

چیمپئن شپ کے اختتام پر کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا گیا اور اس امید کا اظہار کیا گیا کہ ایسے ایونٹس نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مزید مواقع فراہم کریں گے۔

More News