خیبر پختونخوا میں آندھی اور بارشوں سے 7 افراد جاں بحق، 33 زخمی

خیبر پختونخوا میں آندھی اور بارشوں سے 7 افراد جاں بحق، 33 زخمی

پشاور:عارف اکرام

پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز آندھی، آسمانی بجلی اور موسلادھار بارشوں کے باعث ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کر دی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق شدید موسم کے نتیجے میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے اب تک 7 افراد جاں بحق جبکہ 33 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 بچے، 4 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 7 مرد، 12 خواتین اور 14 بچے شامل ہیں۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ یہ حادثات بنوں، شانگلہ اور مانسہرہ سمیت مختلف اضلاع میں پیش آئے، جہاں امدادی اور بحالی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔

ادارے کے مطابق پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرین کو فوری امدادی سامان اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں مزید تیز کرنے اور متاثرہ افراد کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، حساس اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری کردہ الرٹس اور ہدایات پر عمل کریں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ناخوشگوار واقعے یا موسمی صورتحال سے متعلق معلومات کے لیے فری ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

More News