اسلام آباد مفاہمتی یادداشت خطے میں قیام امن کےلیے مددگار ثابت ہوگا، وزیراعظم کی ایرانی صدر سے گفتگو

اسلام آباد امن معاہدہ خطے میں استحکام کے لیے اہم پیش رفت قرار

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک گفتگو میں اسلام آباد امن معاہدے کو خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان 30 منٹ سے زائد دورانیے کی گفتگو ہوئی، جو امن معاہدے پر دستخط کے بعد ان کا پہلا رابطہ تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے صدر پزشکیان، ایرانی قیادت اور عوام کو معاہدے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف علاقائی امن کے قیام میں معاون ثابت ہوگا بلکہ ایران کی تعمیر و ترقی اور پاکستان و ایران کے دوطرفہ تعلقات کو بھی مزید مضبوط بنائے گا۔

وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے مذاکرات کے آئندہ مراحل میں کامیابی کی دعا کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کے طور پر ایران کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

صدر مسعود پزشکیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے دانشمندی اور اخلاص کے ساتھ ثالثی کے عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جسے ایران ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھے گا۔

دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور جلد ایک دوسرے کے دارالحکومتوں کے دورے کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے آئندہ بھی قریبی رابطے برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

More News