لوئر دیر میں سی ٹی ڈی کا کامیاب آپریشن، 6 مطلوب دہشتگرد ہلاک
پشاور: محکمہ انسدادِ دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے لوئر دیر میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 6 مطلوب دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق مارے جانے والے دہشتگرد پولیس چوکی پر حملے اور پولیس اہلکار محمد اسماعیل کے قتل میں ملوث تھے۔ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں تمام مطلوب ملزمان ہلاک ہوگئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے 6 کلاشنکوف اور 3 دستی بم بھی برآمد کیے گئے ہیں، جبکہ فرار ہونے والے دیگر دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب آپریشن پر خیبر پختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بہادر جوانوں نے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنائے اور قوم کو سی ٹی ڈی اور پولیس کے جوانوں پر فخر ہے۔
وزیر داخلہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی اداروں کی کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔








