نوشہرہ میں ایک روز کے دوران تین افسوسناک واقعات، پانچ افراد جاں بحق، پولیس اہلکار زخمی
نوشہرہ (نیوز ڈیسک )ضلع نوشہرہ میں ایک ہی روز کے دوران پیش آنے والے تین مختلف افسوسناک واقعات میں مجموعی طور پر پانچ افراد جاں بحق جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا، جس سے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
پبی میں گھریلو تنازع خونریز رخ اختیار کر گیا، جہاں مبینہ طور پر دو بیٹوں نے فائرنگ کرکے اپنے والد کو قتل کر دیا۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے پہنچی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر بھی فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار عبدالحلیم زخمی ہو گیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں دونوں ملزمان مارے گئے۔
دوسرا واقعہ حکیم آباد ارمر کالونی میں پیش آیا، جہاں 24 سالہ نوجوان محمد سلیمان ٹرین کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق نوجوان کے کانوں میں ایئر بڈز لگے ہوئے تھے، جس کے باعث وہ ٹرین کا ہارن نہ سن سکا اور حادثے کا شکار ہو گیا۔
اسی روز اکوڑہ خٹک میں حقانیہ مدرسہ کے قریب ایک نامعلوم خاتون ریلوے ٹریک عبور کرتے ہوئے ٹرین کی زد میں آ کر جاں بحق ہو گئی۔ پولیس نے خاتون کی شناخت اور دیگر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔








