سندھ میں غیر قانونی مقیم افغان شہریوں کے خلاف کارروائی، مزید 49 افراد ڈی پورٹ
حیدر آباد(نیوز ڈیسک )سندھ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کے خلاف جاری کارروائی کے دوران مزید 49 افغان شہریوں کو گرفتار کرنے کے بعد افغانستان واپس بھیج دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے مطابق حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد انہیں ہولڈنگ پوائنٹ منتقل کیا گیا، جہاں سے اسسٹنٹ کمشنر نور حسین کی نگرانی میں افغانستان ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
ڈی آئی جی حیدرآباد کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار کیا، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکی شہریوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی قانون کے مطابق جاری رہیں گی۔








