وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن منصوبہ رواں مالی سال میں مکمل کرنے کی ہدایت
پشاور(نیوز ڈیسک )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت سیکنڈری کیئر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز (ڈی ایچ کیو) ہسپتالوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے پر عملدرآمد کی رفتار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا منصوبہ رواں مالی سال کے اختتام تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کے اس اہم منصوبے میں مزید تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور جن ہسپتالوں میں کام نسبتاً کم رہ گیا ہے، انہیں ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرکے فعال بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ منصوبے میں حائل رکاوٹوں کی فوری نشاندہی کرکے ان کا بروقت حل نکالا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تین ماہ بعد دوبارہ جائزہ اجلاس منعقد ہوگا، جس میں منصوبے پر نمایاں پیش رفت ہر صورت نظر آنی چاہیے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے مجوزہ ہیلتھ سٹی منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے اور کچ ہسپتال منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے بھی تمام ضروری اقدامات کی ہدایت جاری کی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے کے 32 ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کی بحالی اور اپ گریڈیشن کے لیے 33 ارب 8 کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت کے چار مختلف پی سی ونز منظور کیے جا چکے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ 2 ارب 55 کروڑ روپے مالیت کے طبی آلات کی خریداری مکمل کر کے متعلقہ ہسپتالوں کو فراہم کر دی گئی ہے، جبکہ ہسپتالوں کے انفراسٹرکچر ڈیزائن کی منظوری بھی دی جا چکی ہے اور سول ورک جلد شروع کیا جائے گا۔








