مولانا طاہر محمود اشرفی کا پاک فوج اور قومی قیادت کو خراجِ تحسین، مدارس کی رجسٹریشن آسان بنانے کا مطالبہ

مولانا طاہر محمود اشرفی کا پاک فوج اور قومی قیادت کو خراجِ تحسین، مدارس کی رجسٹریشن آسان بنانے کا مطالبہ

پشاور(نیوز ڈیسک )چیئرمین پاکستان علماء کونسل مولانا طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ آپریشن “بنیان مرصوص” میں پاک فوج نے پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے ملک کے دفاع، امن کے قیام اور امت مسلمہ کے مفادات کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کیا۔

پشاور میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگانے والے آج خود اعتراف کر رہے ہیں کہ اسلام آباد “ارض السلام” بن چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر قومی قیادت نے خطے میں امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کا قیام تمام مکاتبِ فکر، مذہبی شخصیات اور مختلف طبقات کی مشترکہ جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان وسیع مشاورت کے بعد قرآن و سنت کے اصولوں کی روشنی میں مرتب کیا گیا اور یہ تمام مکاتبِ فکر اور غیر مسلم شہریوں کے حقوق کا ضامن ہے۔

انہوں نے مدارس کی رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کو دینی مدارس کے لیے غیر ضروری مشکلات پیدا کرنے کے بجائے سہولت فراہم کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دینی مدارس اور علمائے کرام نے ہمیشہ پاکستان کی سلامتی، استحکام اور قومی مفادات کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔

More News