چھوٹے کاروباروں کو آسان قرضے دیے جائیں، وزیراعظم کی بینکوں کو ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی میں نمایاں اضافہ کریں تاکہ برآمدات، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو سکے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت ایکسیس ٹو فنانس پلان سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں وزارتِ خزانہ، اسٹیٹ بینک، مختلف بینکوں کے سربراہان، صوبائی چیف سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں معیشت کو برآمدات پر مبنی بنانے، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور مالی سہولیات تک رسائی بڑھانے سے متعلق حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت کے ایکسیس ٹو فنانس پلان کے تحت ایس ایم ایز، زراعت، آئی ٹی، ہاؤسنگ، قابلِ تجدید توانائی اور برآمدی شعبوں کو آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس منصوبے پر وزارتِ خزانہ، اسٹیٹ بینک، صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے عملدرآمد کیا جائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آئندہ دو برس میں نجی شعبے کے قرضوں میں ایس ایم ای سیکٹر کا حصہ 7 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ قرض حاصل کرنے والے کاروباروں اور مستفید افراد کی تعداد 3 لاکھ 10 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 50 ہزار تک لے جانے کا منصوبہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ایس ایم ای سیکٹر ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور مالی وسائل تک آسان رسائی کے بغیر پائیدار معاشی ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے بینکوں کو ترجیحی شعبوں کے لیے قرضوں میں اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بہتر کارکردگی دکھانے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی۔
شہباز شریف نے اعلان کیا کہ وہ ایکسیس ٹو فنانس پلان پر عملدرآمد کا خود ماہانہ جائزہ لیں گے تاکہ مقررہ اہداف بروقت حاصل کیے جا سکیں۔








