خیبرپختونخوا میں پہلی بار ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت متعارف

خیبرپختونخوا میں پہلی بار ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت متعارف

پشاور: خیبرپختونخوا ٹریفک پولیس نے ڈیجیٹل گورننس پالیسی کے تحت صوبے میں پہلی بار ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے بعد شہری موبائل فون میں موجود ای لائسنس کے ذریعے قانونی طور پر اپنی شناخت اور ڈرائیونگ لائسنس پیش کر سکیں گے۔

چیف ٹریفک آفیسر پشاور ڈاکٹر زاہد اللہ کے مطابق یہ سہولت ٹریفک پولیس کی “رابطہ” موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے فراہم کی گئی ہے۔ شہری اپنا کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ نمبر اور ڈرائیونگ لائسنس نمبر درج کرکے چند سیکنڈ میں ڈیجیٹل لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹریفک چیکنگ کے دوران موبائل فون میں موجود ڈیجیٹل لائسنس کو مکمل طور پر قابل قبول تصور کیا جائے گا، جس سے شہریوں کو ہر وقت کاغذی لائسنس ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہریوں کو تیز، آسان اور شفاف خدمات فراہم کرنا، غیر ضروری دفتری کارروائی کم کرنا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے سرکاری خدمات تک رسائی کو مزید بہتر بنانا ہے۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ اس سے قبل بھی بیرون ملک سفر کرنے والے پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کی آن لائن ویزا تصدیق کی سہولت متعارف کرائی جا چکی ہے، جس سے ہزاروں اوورسیز پاکستانی استفادہ کر رہے ہیں۔

More News