پشاور میں کسٹم اہلکار کے قتل کا معمہ حل، ایک ملزم پولیس کارروائی میں ہلاک

پشاور میں کسٹم اہلکار کے قتل کا معمہ حل، ایک ملزم پولیس کارروائی میں ہلاک

پشاور کے علاقے پشتخرہ شاہین کالونی میں کسٹم اہلکار عباس احمد کے قتل کے مقدمے میں مطلوب ایک ملزم پولیس کارروائی کے دوران ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

ایس پی کینٹ جنید کھرل کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت عبد القیوم ولد عدنان، سکنہ امید آباد کے نام سے ہوئی ہے، جو 2 جولائی کو کسٹم اہلکار عباس احمد کے قتل میں ملوث تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا گیا تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والا ملزم مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آ گیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے واردات میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کر لیا ہے۔

ایس پی کینٹ کے مطابق عبد القیوم قتل، ڈکیتی، منشیات اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے متعدد مقدمات میں بھی مطلوب تھا، جبکہ فرار ہونے والے دوسرے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

More News