بلوچستان میں غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 1686 افراد حراست میں
بلوچستان کے سرحدی اضلاع میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 1 ہزار 686 افراد کو حراست میں لے لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں کیے گئے 40 آپریشنز کے دوران غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جبکہ حراست میں لیے گئے افراد میں سے 1 ہزار 257 افغان باشندوں کو وطن واپس بھیجا جا چکا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر قانونی نقل و حرکت اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس ملکی سلامتی، امن و امان اور معاشی استحکام کے لیے چیلنج ہیں، جن کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق بارڈر مینجمنٹ اور امیگریشن قوانین پر مؤثر عمل درآمد کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔








