پشاور میں نئی بی آر ٹی بسیں تیار، بجلی نہ ملنے سے منصوبہ تعطل کا شکار

پشاور میں نئی بی آر ٹی بسیں تیار، بجلی نہ ملنے سے منصوبہ تعطل کا شکار

پشاور: مال آف حیات آباد بی آر ٹی بس ڈپو کو بجلی کی فراہمی میں تاخیر کے باعث نئی بی آر ٹی بسوں کا آپریشن شروع نہ ہو سکا، جس پر صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نے پیسکو حکام کو ہنگامی مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے چیف ایگزیکٹو پیسکو کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اگر ڈپو کو فوری طور پر بجلی فراہم نہ کی گئی تو نئی بسوں کی پارکنگ، فیولنگ، چارجنگ اور دیکھ بھال کا نظام شدید متاثر ہوگا، جس سے بی آر ٹی سروس کی توسیع بھی تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔

حکام کے مطابق صوبائی حکومت پیسکو کی ٹیکنیکل کمیٹی کی جانب سے عائد تمام شرائط اور تکنیکی نقائص دور کر چکی ہے، جبکہ متعدد بار معائنے اور فالو اپ کی درخواستیں بھی کی جا چکی ہیں، اس کے باوجود ڈپو کو تاحال بجلی فراہم نہیں کی گئی۔

محکمہ ٹرانسپورٹ نے پیسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مفاد کے اس اہم منصوبے کو فعال بنانے کے لیے بجلی کی فراہمی کا عمل فوری مکمل کیا جائے تاکہ نئی بی آر ٹی بسوں کا آپریشن بروقت شروع کیا جا سکے۔

More News