غزالہ انجم کا مولانا فضل الرحمان سے بیان واپس لینے اور معافی مانگنے کا مطالبہ
اسلام آباد:چترال سے منتخب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن قومی اسمبلی غزالہ انجم نے مولانا فضل الرحمان کے پاک فوج اور شہداء سے متعلق حالیہ بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور سیاسی پوائنٹ اسکورنگ قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں غزالہ انجم نے مطالبہ کیا کہ مولانا فضل الرحمان اپنا بیان فوری واپس لیں اور شہداء کے اہل خانہ سمیت پوری قوم سے معافی مانگیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں اور پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے۔
غزالہ انجم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز کے پیش نظر قومی اتحاد کی ضرورت ہے، جبکہ ایسے بیانات شہداء کے لواحقین کے جذبات کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ملک کے امن و استحکام کے لیے اہم ہیں، اس لیے قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کیا جانا چاہیے۔
رکن قومی اسمبلی نے زور دیا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے اور تمام سیاسی قیادت کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے جو اختلافات کو بڑھانے کا باعث بنیں۔








