پنجاب بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ، متعدد ڈپٹی کمشنرز اور سینئر افسران کے تبادلے
لاہور: حکومت پنجاب نے صوبائی بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلوں کا فیصلہ کرتے ہوئے متعدد ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل سیکرٹریز اور دیگر سینئر افسران کی نئی تعیناتیاں کر دی ہیں۔ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن (ایس اینڈ جی اے ڈی) کی جانب سے اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اویس مشتاق کو ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ، ماہم آصف ملک کو ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ، محمد اکرام ملک کو ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ، بابر صاحب دین کو ڈپٹی کمشنر جھنگ اور حنا ارشد کو ڈپٹی کمشنر خانیوال تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح رعنا حمید کو ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب جبکہ سید محمد عباس شاہ کو ڈپٹی کمشنر بہاولنگر مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت نے بہاولنگر کے سابق ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب صاف پانی اتھارٹی تعینات کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈاکٹر محمد وحید اصغر بھٹی کو منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ریسورس مینجمنٹ اینڈ پالیسی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ سابق ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی کو چیف آف سیکشن، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔
مزید تبادلوں کے تحت سابق ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ داخلہ، سابق ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ انہار، جبکہ محمد تسلیم اختر راؤ کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر تعینات کیا گیا ہے۔ کیپٹن (ر) سید علی اصغر کو ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ خزانہ مقرر کیا گیا، جبکہ سابق ڈپٹی کمشنر خانیوال ملیحہ راشد کو سینئر مینجمنٹ کورس کے لیے ایس اینڈ جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب میں بھی اہم انتظامی تبدیلیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر خالد محمود کا تبادلہ کرتے ہوئے انہیں جنرل منیجر میڈیکل اسٹور ڈپو تعینات کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر طلحہ شیروانی کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام کے عہدے سے تبدیل کر کے ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر بلال گنج ہسپتال مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر محسن وٹو کو ایڈیشنل ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام تعینات کیا گیا ہے، جبکہ انہیں ایڈیشنل ڈائریکٹر ہیپاٹائٹس کنٹرول پروگرام کا اضافی چارج بھی سونپا گیا ہے۔ اسی طرح ڈاکٹر معیز کو ایڈیشنل ڈائریکٹر پریونشن اینڈ کنٹرول آف ایپیڈیمکس مقرر کیا گیا، جبکہ ڈاکٹر بلال احمد افغانی کو سینئر میڈیکل آفیسر بلال گنج ہسپتال تعینات کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ٹی بی کنٹرول پروگرام کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا ہے۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ ان تقرر و تبادلوں کا مقصد صوبے میں انتظامی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانا، مختلف محکموں میں گورننس کو مضبوط کرنا اور عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔ حکام کے مطابق نئی تعیناتیوں سے ضلعی انتظامیہ اور سرکاری اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئے گی، جبکہ مختلف ترقیاتی اور عوامی فلاحی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار بھی تیز ہوگی۔ اس سلسلے میں متعلقہ افسران کو فوری طور پر اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔








