خیبرپختونخوا میں مون سون شجرکاری مہم کا آغاز، 20 لاکھ پودے لگانے کا ہدف

خیبرپختونخوا میں مون سون شجرکاری مہم کا آغاز، 20 لاکھ پودے لگانے کا ہدف

پشاور: خیبرپختونخوا میں آج سے مون سون شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ مشیر برائے جنگلات و ماحولیات شفیع جان کے مطابق مہم کے دوران صوبہ بھر میں 20 لاکھ پودے لگائے جائیں گے، جبکہ یومِ آزادی 14 اگست کے موقع پر مزید 14 لاکھ پودوں کی شجرکاری کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ پشاور عظمتِ رفتہ بحالی پروگرام کے تحت سپین خاک کے علاقے میں 10 ہزار کنال رقبے پر 5 لاکھ 40 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت 200 کنال پر پھلدار باغات قائم کیے جائیں گے جبکہ 20 ہزار زیتون کے پودے بھی لگائے جائیں گے، جو پرندوں کے قدرتی مساکن، خوراک اور ماحولیاتی توازن کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔

شفیع جان نے کہا کہ پشاور شہر میں 20 میاواکی جنگلات قائم کیے جائیں گے، جبکہ تعلیمی اداروں اور دیگر سرکاری عمارتوں میں 40 ہزار پھلدار پودے بھی لگائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق جنگلات کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں اور رواں مالی سال کے بجٹ میں شجرکاری اور ماحولیات کے مختلف منصوبوں کے لیے خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

ان کے مطابق “ٹین بلین ٹری اپ اسکیلنگ گرین پاکستان شجرکاری پروگرام” کے لیے ایک ارب روپے، “بلین ٹری پلس پروگرام” کے لیے 50 کروڑ روپے اور “بلین ٹری افاریسٹیشن سپورٹ پراجیکٹ” کے لیے بھی 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ماحولیات کے مختلف منصوبوں کے لیے 98 ملین روپے رکھے گئے ہیں، جن میں اینٹوں کے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لیے فنڈز بھی شامل ہیں۔

شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا ملک کے مجموعی جنگلات کے تقریباً 45 فیصد رقبے کا حامل صوبہ ہے اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں عوامی شراکت داری کے ذریعے صوبے کو مزید سرسبز و شاداب بنانے کے اقدامات جاری رہیں گے۔

More News