ڈاکٹر آکاش قتل کیس: 36 گھنٹوں میں 3 ملزمان گرفتار، ڈی آئی جی ساؤتھ

ڈاکٹر آکاش قتل کیس: 36 گھنٹوں میں 3 ملزمان گرفتار، پولیس نے واردات کا معمہ حل کر لیا

کراچی: کراچی پولیس نے ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے واردات میں ملوث تینوں ملزمان کو صرف 36 گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری جدید تفتیشی طریقہ کار، سی سی ٹی وی فوٹیجز اور مختلف شواہد کی مدد سے عمل میں لائی گئی، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور گاڑی کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر اور دیگر پولیس افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ فریئر کے علاقے میں ڈاکٹر آکاش کو ڈکیتی کے دوران فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کے فوراً بعد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور ابتدائی 24 گھنٹوں میں اہم شواہد اکٹھے کر لیے، جس کی بنیاد پر 36 گھنٹوں کے اندر تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ تفتیش سے معلوم ہوا کہ ملزمان نے واردات سے قبل منصوبہ بندی کے تحت ڈاکٹر آکاش کی نقل و حرکت پر نظر رکھی۔ جب ڈاکٹر آکاش بینک پہنچے تو ایک ملزم پہلے سے وہاں موجود تھا، جس نے ریکی کر کے اپنے ساتھیوں کو اطلاع دی، جس کے بعد ملزمان نے ڈکیتی کی کوشش کی اور مزاحمت پر انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق تفتیش کے دوران شہر کے مختلف مقامات سے 100 سے زائد سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی گئیں۔ ان فوٹیجز کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے بعد ملزمان کی شناخت ممکن ہوئی اور ان کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔ جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس معلومات کی مدد سے پولیس نے ملزمان تک رسائی حاصل کی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔

پولیس حکام کے مطابق واردات میں ایک موٹر سائیکل اور ایک گاڑی استعمال کی گئی تھی۔ گرفتار کیے گئے تینوں ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے، جبکہ پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی کا بھی سراغ لگا لیا ہے اور اس حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

اسد رضا نے بتایا کہ ملزمان کو ڈیفنس تھانے کی حدود میں کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ ان کے قبضے سے واردات سے متعلق کچھ رقم بھی برآمد کی گئی ہے، جبکہ دیگر شواہد کو بھی تحویل میں لے کر فرانزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق ہندو برادری سے ہے، تاہم پولیس تفتیش کو مکمل غیر جانبداری کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو سامنے لایا جا سکے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ نے کہا کہ کراچی پولیس سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں شفاف تفتیش کی جائے گی اور تمام ذمہ دار افراد کو قانون کے مطابق عدالت کے کٹہرے میں پیش کیا جائے گا۔

More News