خیبرپختونخوا میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے 80.7 ارب روپے جاری، سڑکوں، صحت اور تعلیم کو ترجیح
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2026-27 کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر 80.7 ارب روپے جاری کر دیے ہیں، جس کا مقصد صوبے میں ترقیاتی سرگرمیوں کو تیز کرنا اور عوامی سہولیات کو بہتر بنانا ہے۔
محکمہ خزانہ کے مطابق جاری منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کا 40 فیصد حصہ یکمشت جاری کیا گیا ہے، جبکہ نئے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز متعلقہ منصوبوں کی منظوری کے بعد فراہم کیے جائیں گے۔
سیکرٹری خزانہ کامران احمد آفریدی کے مطابق بروقت فنڈز کی فراہمی سے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد مزید مؤثر اور تیز ہوگا۔
محکمہ خزانہ کے مطابق بندوبستی اضلاع کے جاری منصوبوں کے لیے 61 ارب روپے، ضم اضلاع کے تیز رفتار ترقیاتی پروگرام کے لیے 11 ارب روپے اور ضم اضلاع کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 7.9 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں۔
جاری کردہ فنڈز میں سڑکوں کے لیے 12 ارب روپے، شہری ترقی کے لیے 8.8 ارب روپے، آبپاشی کے لیے 5.8 ارب روپے، صحت کے لیے 4.5 ارب روپے، آبنوشی کے لیے 3 ارب روپے، لوکل گورنمنٹ منصوبوں کے لیے 2 ارب روپے، ابتدائی و ثانوی تعلیم کے لیے 1.9 ارب روپے، اعلیٰ تعلیم اور امن و امان کے شعبوں کے لیے ایک، ایک اعشاریہ 7 ارب روپے شامل ہیں۔
ضم اضلاع کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے بھی مختلف شعبوں میں فنڈز جاری کیے گئے ہیں، جن میں سڑکیں، صحت، تعلیم، امن و امان، آبپاشی اور آبنوشی کے منصوبے شامل ہیں۔
محکمہ خزانہ کا کہنا ہے کہ فنڈز کے اجرا سے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار میں تیزی آئے گی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی مزید بہتر بنائی جا سکے گی۔








