صدرِ مملکت نے وزیراعظم کی سفارش پر 3 اہم سمریوں کی منظوری دے دی
اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کی سفارش پر تین اہم سمریوں کی منظوری دے دی، جن کا تعلق قومی اعزاز، اہم تقرری اور ایک آئینی ادارے کے رکن کے استعفے سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت نے اقوامِ متحدہ کے اسلاموفوبیا کے انسداد سے متعلق خصوصی ایلچی میگوئل اینجل موراٹینوس کو پاکستان اور مسلم دنیا کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں ہلالِ پاکستان عطا کرنے کی منظوری دے دی۔ یہ اعزاز اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی سطح پر آگاہی پیدا کرنے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے ان کی کاوشوں کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔
دوسری سمری کے تحت صدر آصف علی زرداری نے لا اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے رکن فضلِ حق عباسی کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ اس منظوری کے بعد کمیشن میں خالی ہونے والی نشست پر آئندہ تقرری متعلقہ قانونی طریقہ کار کے مطابق عمل میں لائی جائے گی۔
تیسری سمری کے مطابق صدرِ مملکت نے ظفر حسن کی وفاقی پبلک سروس کمیشن (FPSC) کے رکن کے طور پر تقرری کی بھی منظوری دے دی۔ توقع ہے کہ وہ کمیشن کے امور، شفاف بھرتیوں اور انتظامی معاملات میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
صدرِ مملکت کی جانب سے ان تینوں سمریوں کی منظوری کے بعد متعلقہ ادارے آئندہ قانونی اور انتظامی کارروائی مکمل کریں گے۔








