خیبرپختونخوا حکومت کا محکمہ جیل خانہ جات کے ملازمین کے پرزنز الاؤنس میں اضافہ
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے محکمہ جیل خانہ جات کے ملازمین کے لیے پرزنز الاؤنس میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ صوبائی کابینہ کے فیصلے کے مطابق یہ اضافہ یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق محکمہ جیل خانہ جات کے اہلکاروں کو اب بنیادی تنخواہ 2022 کے ابتدائی اسکیل کے 100 فیصد کے مساوی پرزنز الاؤنس دیا جائے گا، جبکہ اس سے قبل یہ الاؤنس بنیادی تنخواہ 2017 کے ابتدائی اسکیل کے 100 فیصد کے برابر ادا کیا جا رہا تھا۔
محکمہ خزانہ کے مطابق یہ الاؤنس انکم ٹیکس کے تابع ہوگا، تاہم اسے پنشن، گریجویٹی اور کمیوٹیشن کا حصہ شمار نہیں کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ معطل ملازمین، غیر معمولی رخصت پر موجود اہلکار یا 120 روز سے زائد ارن لیو لینے والے ملازمین مخصوص شرائط کے تحت اس الاؤنس کے اہل نہیں ہوں گے۔ اسی طرح دیگر کیڈر سے ڈیپوٹیشن پر تعینات افسران، کنٹریکٹ، مارکیٹ بیسڈ یا نیشنل پے اسکیل سے ہٹ کر تنخواہ حاصل کرنے والے ملازمین بھی پرزنز الاؤنس کے حقدار نہیں ہوں گے۔








