بنوں: سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، مزید 24 خوارج ہلاک، آئی ایس پی آر
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں اور اس کے گردونواح میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 24 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں، جن کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔ فوج کے مطابق ہلاک ہونے والے خوارج متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مختلف سنگین واقعات میں مطلوب تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تھا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر جنگی سامان بھی برآمد کیا، جسے تحویل میں لے کر مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور ملک کے امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز جاری رکھیں گی۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لائی جا رہی ہے تاکہ ملک کے امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔
آئی ایس پی آر نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف اپنی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رکھیں گی اور ملک کو ہر قسم کے دہشت گرد خطرات سے محفوظ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔








