ڈیزل مہنگا ہوتے ہی گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 15 فیصد اضافہ
کراچی :پیٹرولیم مصنوعات، خصوصاً ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں حالیہ اضافے کے بعد پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس نے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری طور پر 15 فیصد اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹرانسپورٹرز کا کہنا ہے کہ ڈیزل، ٹول ٹیکس، ود ہولڈنگ ٹیکس اور دیگر اخراجات بڑھنے کے باعث پرانے کرایوں پر کاروبار جاری رکھنا ممکن نہیں رہا۔
پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے حکومت سے اضافی ٹیکسز اور جرمانے ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر صورتحال برقرار رہی تو سامان کی ترسیل متاثر ہوگی۔ ماہرین کے مطابق کرایوں میں اضافے سے سبزیاں، پھل، آٹا، چینی، دالیں، گھی، سیمنٹ، اسٹیل اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔








