امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش، بیٹے کا نام الیک نیل وینس رکھ دیا گیا
واشنگٹن: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور ان کی اہلیہ اوشا وینس کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش ہوئی ہے، جس کے بعد سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے۔
جوڑے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش میری لینڈ کے والٹر ریڈ نیشنل ملٹری میڈیکل سینٹر میں ہوئی، جس کا نام الیک نیل وینس رکھا گیا ہے۔ بیان میں بتایا گیا کہ ماں اور نومولود دونوں صحت مند ہیں، جبکہ خاندان کے دیگر افراد بھی نئے مہمان کی آمد پر بے حد خوش ہیں۔
جے ڈی وینس اور اوشا وینس کی ملاقات ییل لا اسکول میں تعلیم کے دوران ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں نے 2014 میں شادی کی۔ اس سے قبل ان کے تین بچے ہیں، جن میں دو بیٹے ایون اور وویک جبکہ ایک بیٹی میرا بیل شامل ہیں۔
وائٹ ہاؤس ہسٹوریکل ایسوسی ایشن کے مطابق الیک نیل وینس گزشتہ 150 سال سے زائد عرصے میں کسی موجودہ امریکی نائب صدر کے ہاں پیدا ہونے والا پہلا بچہ ہے۔ اس سے قبل 1870 میں نائب صدر شوائلر کولفیکس کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ جے ڈی وینس ماضی میں امریکی بحریہ میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور امریکا میں شرح پیدائش میں اضافے کے حامی سمجھے جاتے ہیں۔ نومولود کی پیدائش پر امریکی نائب صدر اور ان کے اہل خانہ کو مختلف سیاسی و عوامی حلقوں کی جانب سے مبارکبادیں دی جا رہی ہیں۔







